وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی کا اجلاس

159

اسلام آباد ۔ 31 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کی حیثیت سے جمعہ کو اسلام آباد میں خالص ہائیڈل منافع کے معاملہ پر غور کرنے کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے توانائی، پاور ڈویژن، منصوبہ بندی، آبی وسائل اور آئی پی سی وزارتوں کے سیکرٹریز، ممبر توانائی اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں تکنیکی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا جو سیکرٹری پاور ڈویژن کی صدارت میں خالص منافع/ریٹ کے معاملہ پر غور کرنے کیلئے تشکیل دی گئی تھی۔ اجلاس میں اس معاملہ پر تمام اہم سٹیک ہولڈرز بشمول خیبرپختونخوا، پنجاب اور واپڈا کے نقط نظر پر بھی غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے امید کا اظہار کیا کہ خالص ہائیڈل منافع کے تعین کے حوالہ سے تمام معاملات حل کر لی جائیں گے۔ کمیٹی نے اتفاق کیا کہ صوبوں کو خالص ہائیڈل منافع کی ادائیگی آئینی ذمہ داری ہے۔ کمیٹی نے خالص ہائیڈل منافع کے تعین کےلئے مزید غور کرنے پر اتفاق کیا تاکہ معاملہ کا جلد حل تلاش کیا جا سکے اور مشترکہ مفادات کونسل کے آنے والے اجلاس میں اس کی رپورٹ پیش کی جا سکے۔