اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 8 مہینوں میں ترقیاتی فنڈز کا استعمال 39 فیصد رہا، ماضی میں اس دورانیہ میں فنڈز کا استعمال زیادہ سے زیادہ 32 فیصد تھا۔ بدھ کو اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 6 سالوں کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں ترقیاتی فنڈز کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ ہوا، یہ گزشتہ 6 سالوں کے دورانیہ کا سب سے زیادہ تناسب ہے۔ اسد عمرنے کہا کہ پشاور، کراچی موٹروے منصوبہ 99 فیصد مکمل ہو چکا ہے، رواں مالی سال میں 17.7 ارب روپے پشاور۔کراچی موٹروے منصوبے پر خرچ ہوئے۔ سال کے پہلے 5 ماہ میں 87 ارب اور پچھلے صرف 3 ماہ میں 185 ارب کے ترقیاتی فنڈز خرچ ہوئے، ترقی کی رفتار میں اللہ کے فضل سے تیزی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد۔ خانیوال روڈ منصوبے پر 98 فیصد ترقیاتی کام ہوا ہے، اس منصوبہ کےلئے 5 ارب مختص کئے گئے ہیں۔ پانی کی حفاظت کو یقینی بنانے کےلئے کی گئی پیشرفت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 8 مہینوں کے دوران واٹر کورسز کی بہتری کے قومی پروگرام کے تحت 2.5 ارب روپے خرچ ہوئے جبکہ مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے پر بھی کام شروع کیا گیا ہے اور اب تک 2.8 ارب خرچ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خضدار میں چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کےلئے125 ملین روپے استعمال ہو چکے ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت تمام جاری منصوبوں کی تیز رفتار اور شفاف تکمیل کےلئے پرعزم ہے اور مستعد مانیٹرنگ اور جانچ پڑتال اور تمام منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کےلئے کوشاں ہے۔ رواں مالی سال کے دوران 200 سے زائد منصوبوں کے مکمل ہونے کی امید ہے۔