بیجنگ۔18دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے وفد کے ہمراہ بدھ کوبیجنگ میں آئی سافٹ اسٹون انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کیا۔اس موقع پر پاکستانی وفد کا استقبال آئی سافٹ اسٹون کے بین الاقوامی کاروبار کے نائب صدر مسٹر ین لو اور انٹیلیجنٹ الیکٹرانکس کے نائب صدر مسٹر لی چوان نے کیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے ہیڈکوارٹر اور نمائش کے علاقے کا دورہ کیا، جہاں انہیں کمپنی کی جدید مصنوعات، خدمات اور حل کا مظاہرہ دکھایا گیا۔ اس موقع پر انہیں مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا میں کمپنی کے کاروباری ترقی کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاکستانی وفد نے بھی سی پیک کی تعمیر میں ٹیکنالوجی کے انضمام پر ایک پریزنٹیشن دی۔ دونوں فریقین نے آئی ٹی کے شعبے میں مستقبل میں تعاون اور عملی امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں فریقین نے امید ظاہر کی کہ وہ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی مصنوعات اور حل تیار کرنے کے لیے تعاون کریں گے۔ پاکستانی وفد میں سیاسی قونصلر حسیب گوہر، سائنس و ٹیکنالوجی قونصلر خان محمد وزیر، اور وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے انفراسٹرکچر اسپیشلسٹ ڈاکٹر مزمل ضیا شامل ہیں ۔