وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت سیرت سنٹر لاہور منصو بہ کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس

145
Ahsan Iqbal

اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سرکاری شعبہ کی یونیورسٹیوں میں سیرت چیئرز کے قیام کا مقصد ہماری آنے والی نسل میں نوجوانوں کو جدید دور کی تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ انہیں سیرت کی روشنی میں فکری و نظریاتی تعلیم سے بھی ہمکنار کرنا ہے۔

سیرت سنٹر لاہور کے آپریشنل اور گورننس پلان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصو بہ کے تحت تین بڑے اجزاء یعنی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں 09 سیرت چیئرز کا قیام دوسرا خواتین کے لئے صنفی مطالعہ اور حقوق کے لئے عالمی معیار کے مرکز کا آغاز اورتیسرا انڈومنٹ فنڈ کی تشکیل شامل ہے، اس اقدام کا مقصد نبی اکرم ﷺ کی زندگی سے اخذ کردہ 9 موضوعات عقیدہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی، قیادت اور حکمرانی، انسانی حقوق اور سماجی انصاف، کاروبار، تجارت اور جائیداد کے حقوق، بمقابلہ تعلیم اور علم، پائیدار ترقی، سماجی انصاف اور بہبوداور خواتین کے حقوق، اور عالمی امن کے تحت شعبوں میں معیاری تحقیق کرنا شامل ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ خواتین سیرت سنٹر لاہور بنانے کا مقصد جنڈر سٹڈیز میں سنٹر فار ایکسلینس قائم کرنا ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل میں مذہب سے دوری کی جو لہر پیدا کی جا رہی ہے اس کا موثر علمی اور فکری سطح پر مقابلہ کیا جا سکے، اس سنٹر کا مقصد یہ ہے کہ ہم اپنی اقدار کو آج کے جدید دور کے تقاضوں کی روشنی میں اپنی خواتین اور بچیوں کو یہ اعتماد دیں کہ سیرت اور اسلامی تعلیمات انہیں ایک با وقار اور کامیاب زندگی گزارنے کا راستہ سکھاتی ہے ،اس حوالے سے خواتن سیرت سنٹر میں خواتین کے حقوق اور جنڈر تعلیمات کو اسلامک نظر یہ کی روشنی میں اجاگر کرنا بھی مقصود ہے، اس سنٹر کی فارغ التحصیل طالبات میں مضبوط بنیاد کے ساتھ جدید دور کے علوم کی صلاحیت بھی ہو، یہاں پڑھنے والی طالبات اسلام اور سیرت کے پس منظر کے ساتھ جدید دور کے تعلیمی مضامین اقتصادیات، سوشالوجی، فلاسفی، پولیٹیکل سائنس ، سائیکالوجی ، کمپیوٹراور مینجمنٹ کی بھی تعلیم حاصل کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیرت سنٹر پوسٹ گریجویٹ مطالعہ اور ‘جینڈر سٹڈیز (اسلام میں خواتین کے حقوق میں مہارت) پر تحقیق کی جائے گی اور خواتین کو درپیش مسائل کا حل بھی پیش کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے اجلاس میں متعلقہ حکام کو جلد از جلد سیرت سنٹرز کو فوری طور پر فعال کرنے ، اساتذہ کے بھرتی اور لائیبریری کے قیام کی ہدایات جاری کیں ۔