اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ خواتین کو مساوی حقوق دئیے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، وزارت منصوبہ بندی میں جینڈر یونٹ بھی قائم کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 19ویں بین الصوبائی وزارتی گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس کا اہتمام قومی کمیشن برائے وقار نسواں نے یو این ویمن اور بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ کے تعاون سے کیا تھا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو مساوی حقوق دیئے ہیں جس کی مثال نہیں ملتی اور وزارت منصوبہ بندی میں ایک جینڈر یونٹ قائم کیا ہے جس میں تمام ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی صنفی ردعمل کے اصولوں کے مطابق کی جائے گی تاکہ خواتین کو مزید بااختیار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وژن 2025 میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے کئی سالوں میں خواتین کی نمائندگی مختلف شعبوں میں تیزی سے بڑھی ہے جوکہ خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ حالیہ سیلاب میں خواتین کے بہتری کے لئے بہت اقدامات اٹھا ئے گئے ہیں۔
اس موقع پروفاقی وزیر نے قومی کمیشن برائے وقار نسواں کو ان کی سفارشات پر عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔19ویں بین الصوبائی وزارتی گروپ اجلاس کا مقصد قومی اور صوبائی سطح پر ڈیٹا کے ڈھانچے کو سمجھنا اور نیشنل جینڈر ڈیٹا پورٹل (این جی ڈی پی) کے لئے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینا ہے۔
اجلاس کے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے نیشنل کمیشن برائے وقار نسواں کی چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے کہا کہ گلوبل جینڈر گیپ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے صنفی فرق کو 56.4 فیصد تک کم کیا ہے لیکن پھر بھی ہم نیچے سے دوسرے نمبر پر ہیں۔