اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تعاون کے لیے جامع روڈمیپ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک سٹریٹیجک مقام پر واقع ہے اور ملٹی ماڈل شفاف حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے علاقائی رابطہ کاری کا مرکز بن سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنی زیرِ صدارت وسطی ایشیائی ریاستوں اور یورپ کے ساتھ روڈ اور ریل کی رابطہ کاری کے منصوبوں کا جائزہ اجلاس میں کیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ منصوبہ بندی ، منصوبہ بندی کمیشن کے اراکین، اور وزارتِ مواصلات اور وزارتِ ریلوے کے سینئر حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وزارتِ ریلوے اور وزارتِ مواصلات کے حکام نے اپنے اسٹریٹجک رابطہ کاری کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ دوران اجلاس وفاقی وزیر احسن اقبال نے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تعاون کے لیے جامع روڈمیپ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "پاکستان ایک اسٹریٹجک مقام پر واقع ہے اور ملٹی ماڈل شفاف حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے علاقائی رابطہ کاری کا مرکز بن سکتا ہے۔ ہمیں اپنے محل وقوع کا پورا فائدہ اٹھانے کے لیے مؤثر اور قابل اعتماد تجارتی راستے فراہم کرنے چاہئیں۔
انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے منصوبوں کو حتمی شکل دیں اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ رابطہ کاری کے لیے حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں یقینی بنانا ہو گا کہ تمام تجاویز قابلِ عمل اور مکمل تیاری کے ساتھ عملدرآمد کے لیے تیار ہیں۔ وسطی ایشیا کے ساتھ علاقائی تعاون اور اقتصادی انضمام کے فروغ اور رابطہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے لیے تمام کوششیں تیز کی جائیں۔