
اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پارلمنٹ میں حزب اختلاف کو صبروتحمل اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے اورحکومتی ارکان کے موقف کو بھی سننا چاہیئے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاو¿س کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جواب سننے سے پہلے ہی اپوزیشن کا احتجاج ،گالیاں اور غصہ یہ سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پرچی پر چیئرمین بننے والا پارلیمنٹ میں خطاب کرتا ہے اور جواب سنیں بغیر بھاگ جاتا ہے۔ ہم نے تو بلاول سے کراچی کے ہسپتالوں کا پوچھنا تھا سندھ کے اندر جو سب سے زیادہ غربت پر اسٹیٹ بینک کی رپورٹ بے اس کا جواب بلاول کے پاس نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کراچی اور سندھ کی جو حالت زار ہے اسکا جواب بھی بلاول کے پاس نہیں، بلاول اور ایان علی ایک ہی چشمے سے فیض یاب ہو رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فالودہ والے کے اکاونٹ میں اتنا پیسا کہاں سے آرہا ہے۔ اس موقع پر مالاکنڈ سے ایم این اے جنیداکبر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو دوبارہ الیکشن لڑنے کا چیلنج دیتا ہوں، بلاول بھٹو کہتے ہیں مجھے مالاکنڈ سے ہرایا گیا، میں نے بلاول کو ہرایا نہیں بلکہ اس کی ضمانت ضبط کروائی تھی۔