وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد کا گول میز کانفرنس برائے پائیدار کنزمپشن اینڈ پروڈکشن کے افتتاحی سیشن سے خطاب

141

اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا ہے کہ پاکستان 2030ءکیلئے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہے، اور پاکستان پائیدار ترقیاتی اہداف کو اپنے قومی ترقیاتی ایجنڈا میں شامل کرنے سے متعلق قومی اسمبلی سے متفقہ قرارداد پاس کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ وہ دو روزہ گول میز کانفرنس برائے پائیدار کنزمپشن اینڈ پروڈکشن (ایس سی پی) نیشنل ایکشن پلان کے افتتاحی سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے 19 فروری کو منظور کی جانے والی یہ قرارداد نہ صرف پائیدار ترقیاتی اہداف کیلئے سیاسی حمایت کو ظاہر کرتی ہے بلکہ اس کی بھی واضح عکاسی کرتی ہے کہ پائیدار ترقیاتی اہداف اب پاکستان کا ترقیاتی ایجنڈا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے گذشتہ سال اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں اس بات کی طرف اشارہ کیا تھا کہ عالمی ترقیاتی اہداف کا ایجنڈا پاکستان کے وژن 2025ءمیں شامل ہے جو ملک کی ترقیاتی ضروریات اور ترجیحات کا عکاس ہے جبکہ پاکستان کی قومی اقتصادی اور ترقیاتی منصوبہ بندی میں نئے اہداف کیلئے پالیسی فریم ورک بھی فراہم کرتا ہے۔