
اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا ہے کہ پاکستان ماحولیات سے متعلق رواں سال نومبر میں کانفرنس آف پارٹیز سی او پی 22 میں بھرپور اور فعال شرکت کرے گا۔ وہ جمعرات کو سی او پی 22 کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ پاکستان میں فرانس کی سفیر مارٹین ڈارنس، مراکش کے سفیر مصطفٰی صلاح دین، ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب، یو این ڈی پی، وزارت پانی و بجلی، وزارت خزانہ، وزارت موسمیاتی تبدیلی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا، ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ، وزارت خارجہ امور، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس ٹیکنالوجی، قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد، ایس ڈی پی آئی، انٹرنیشنل یونین آف کنزرویشن آف نیچر اور محکمہ موسمیات پاکستان کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔