مراکش ۔ 17 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو اکیلے اپنانے کے لئے 14 بلین ڈالرز کی ضرورت ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لئے وزیراعظم کی ہدایت پر گرین پاکستان پروگرام شروع کیا گیا جس کے تحت ملک بھر میں شجرکاری میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات جاری سی او پی 22 کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں اپنے ایک بیان میں کہی جو مراکش میں جاری ہے۔ اجلاس میں اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے خطرے میں ہم دسویں نمبر پر ہیں، پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بہت سے خطرات سے دوچار ہے جن میں گلیشیئر کا پگھلنا، تغیر پذیر مون سون، بار بار سیلابوں کا سامنا، سمندری مداخلت، بلند درجہ حرارت اور خشک سالی شامل ہیں۔