اسلام آباد ۔ 25 دسمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے نتیجہ میں معرض وجود میں آیا ، قیام پاکستان کیلئے لاکھوں مسلمانان ہند نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔ پاکستان بنتے وقت ہماری ماﺅں بہنوں نے کنوﺅں میں چھلانگیں لگا کر اپنی عزتوں کی حفاظت کی تھی، پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، ۔ وہ پیر کو یہاں لوک ورثہ کے زیر اہتمام اور فیڈرل ڈائریکٹریٹ کے تعاون سے قائداعظم ڈے کے حوالے سے تقریب اور میڈیا سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر لوک ورثہ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فوزیہ سعید اور مختلف یونیورسٹیوں اور سکولوں کی طلباءو طالبات کثیر تعداد میں موجود تھیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس تقریب میں جن بچوں اور نوجوانوں نے پرفارم کیا میں انہیں خوبصورت پرفارمنس پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان انتہائی اہم ملک ہے جو ڈیڑھ سو ممالک سے کئی درجے بہتر ہے ۔ پاکستان ترقی پذیر ملک ہے یہاں پر نیوکلیئر کے ساتھ ساتھ ہیومن رائٹس ، سول رائٹس کے حقوق بھی ہیں، یہاں پر پارلیمنٹ اور میڈیا بھی آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے اور گزشتہ چار سالوں میں ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے ۔ ہمارے ملک میں کوئی کمی نہیںاس لئے ہمیں اس ملک پر فخر ہونا چاہئے۔ہمیں اس ملک کو مزید آگے لیکر جاناہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=82604