اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان سےپاکستان میں سویڈن کے سفیر ہنرک پرسن نے ملاقات کی اور پاکستان کو ماحولیاتی چیلنجوں پر قابو پانے اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کو کم کرنے میں مدد کے لئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ جمعہ کو یہاں وزارت موسمیاتی تبدیلی میں ہونے والی ملاقات کے دوران سویڈن کے سفیر نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کے موسمیاتی خطرات سے عام لوگوں کی زندگیوں اور معاش اور زراعت کو لاحق خطرات کے پیمانے سے آگاہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی حکومت نے ترقی پذیر ممالک کی حکومتوں کے ساتھ مل کر لوگوں کے ذریعہ معاش اور مختلف سماجی و اقتصادی شعبوں پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، خاص طور پر سیلاب، زیر زمین پانی کے وسائل کی کمی، فصلوں، پینے کے پانی کی کمی اور توانائی کے مسائل کے حل کے حوالے سے مشترکہ پروگرام شروع کیے ہیں۔ سویڈن کے سفیر نے پاکستان کے ماحولیاتی چیلنجوں، پانی کی قلت سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کرنے کے اپنے ارادوں کا اظہار کیا تاکہ استعمال شدہ پانی کو زراعت سمیت مختلف مقاصد کے لئے دوبارہ استعمال کیا جا سکے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر شیری رحمان نے سویڈن کے سفیر کی جانب سے قابل تجدید توانائی، گندے پانی کی صفائی، ای وہیکلز، ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ، موسمیاتی لحاظ سے پائیداری کی کوششوں میں تعاون کے لیے فراخدلانہ پیشکش کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے سفیر کو بتایا کہ موجودہ حکومت ماحولیاتی ترقی اور آب و ہوا کی لچک کو بڑھانے کے لیے بہت پرعزم ہے تاہم، پاکستان کے ماحولیاتی چیلنجوں اور موسمیاتی خطرات کو کم کرنے کے لئے سویڈش حکومت کے ساتھ تعاون کا کوئی بھی موقع حوصلہ افزا ہے۔
شیری رحمن نے سفیر کو بتایا کہ ہم یقیناً سویڈش حکومت کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کریں گے اور تکنیکی معلومات کی منتقلی اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی تکنیکی صلاحیت کی تعمیر میں اس کی کسی بھی مدد کا خیرمقدم کریں گے جو ملک کی گرین پالیسیوں کے نفاذ میں معاون ہوں۔ قبل ازیں سویڈن کے سفیر نے وزیر کو بتایا کہ اس سال ان کا ملک عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کر رہا ہے، جو ہر سال 5 جون کو عالمی سطح پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے سفارت خانے کی جانب سے مختلف سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جو اسلام آباد میں ہوں گی۔انہوں نے وفاقی وزیر کو عالمی یوم ماحولیات کی تقریبات میں شرکت کی دعوت بھی دی۔