وفاقی وزیر برائے نجکاری میر عابد حسین بھیو نے وزارت نجکاری کا چارج سنبھال لیا‎‎

77

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نجکاری میر عابد حسین بھیو نے وزارت نجکاری کا چارج سنبھال لیا۔ وفاقی وزیر نجکاری میر عابد حسین بھیو کی وزارت نجکاری آمد پر چئیرمین پرائیویٹائزیشن سلیم احمد، سیکرٹری نجکاری اور وزارت کے دیگر اعلیٰ افسران نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا، وفاقی وزیر نجکاری کو عہدہ سنبھالنے پر چئیرمین پرائیویٹائزیشن اور سیکرٹری نجکاری کی طرف سے گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔

وزارت نجکاری کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر نجکاری عابد حسین بھیو نے بطور وفاقی وزیر حلف لینے کے بعد منگل کو باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ وفاقی وزیر جب اپنے دفتر پہنچے تو سیکرٹری نجکاری کی جانب سے ان کو موجودہ پرائیویٹائزیشن پروگرام پر بریفنگ بھی دی گئی۔

بریفنگ میں وفاقی وزیر کو نجکاری کے طریقہ کار سمیت دیگر معاملات کے بارے آگاہ گیا اور پرائیویٹائزیشن پروگرام میں شامل تمام اداروں کے بارے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری میر عابد حسین بھیو نے کہا کہ ملکی خوشحالی و ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ آنے والے دنوں میں ملکی ترقی کی رفتار تیز تر ہو گی۔