
اسلام آباد ۔ 31دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے پاورعمرایوب خان نے ایران کے ساتھ قریبی برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان پاورکے شعبے میں موجود تعاون میں اضافے کا خواہش مند ہے۔انہوں نے یہ بات پیر کویہاں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرمہدی ہنردوست سے ملاقات کے دوران کہی ۔انھوں نے ایرانی سفیرکویقین دلایا کہ پاورڈویژن ایران سے 100 میگاواٹ بجلی کی درآمد کے لیے اس کے ساتھ عنقریب جامع مذاکرات کرے گا۔ملاقات میں دونوں برادراوردوست ممالک کے درمیان برادرانہ اوردوستانہ تعلقات کے جذبات کا اعادہ اور بجلی کی پیداواراورترسیل کے شعبوں میں تعاون اورنئے امکانات کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔