اسلام آباد ۔ 11 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ حکومت بجلی چوری کے خاتمہ اور ٹرانسمیشن لائن اور ڈسٹری بیوشن نظام کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ پاور سیکٹر میں ٹرانسپیرنسی کو فروغ دیا جا سکے اور ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نظام میں جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرائے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو پی پی آئی بی بورڈ کے 121ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ بورڈ نے مٹیاری تا لاہور 660 کے وی ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن کے لیٹر آف سپورٹ میں توسیع کی منظوری دی، یہ نجی شعبہ میں ٹرانسمیشن کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جس سے تھر سے بجلی کی ترسیل ممکن ہو گی اور لائن لاسز میں کمی ہو گی، یہ سی پیک کا اہم منصوبہ ہے۔ بورڈ نے گوادر میں 300 میگاواٹ کے درآمدی کوئلہ کے منصوبہ کے دلچسپی کے خط میں بھی توسیع کی منظوری دی۔اس منصوبہ کی تکمیل سے گوادر میں بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی اور اکنامک زونز میں ترقی ہو گی اور علاقہ میں معاشی انقلاب آئے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=125542