اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے بیلجیم کے معروف برطانوی ماہرِ اقتصادیات ڈاکٹر اسٹیفن ڈرکون اور معروف صنعتکار محمد علی ٹبہ کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے حکمتِ عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ پٹرولیم نے برطانوی ماہرِ اقتصادیات، آکسفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر اور عالمی ترقیاتی مشیر ڈاکٹر سٹیفن ڈرکون سے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورننس کی بہتری، مالیاتی پائیداری اور قابلِ تجدید توانائی میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈاکٹر ڈرکون نے عالمی سطح پر اپنائی گئی بہترین پالیسیوں اور توانائی کے تحفظ کے لئے مؤثر معاشی حکمتِ عملیوں پر روشنی ڈالی۔ وزیرِپٹرولیم نے ڈاکٹر ڈرکون کی قیمتی تجاویز پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان توانائی کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے جدید طریقہ کار اپنانے کے لئے پرعزم ہے اور ڈاکٹر ڈرکون جیسے ماہرین ہماری رہنمائی کے لئے نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے لکی سیمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور پاکستان کی صنعتی دنیا کی نمایاں شخصیت محمد علی ٹبہ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں عوامی و نجی شراکت داری، صنعتوں کے لئے پالیسی میں تسلسل اور مقامی پیداوار کے ذریعے درآمدی بوجھ کم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد علی ٹبہ نے مقامی صنعت کو تقویت دینے کے لئے مربوط صنعتی حکمتِ عملی اور قومی مجموعی نقطہ نظر کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ دونوں اطراف نے ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
وزیرِ پٹرولیم نے صنعتکاروں کے لئے حکومت کی حمایت کا اعادہ کیا۔ یہ ملاقاتیں وزارتِ پٹرولیم کے ترقی پسند نقطہ نظر کی عکاسی کرتی ہیں جس کا مقصد ملکی توانائی شعبے کو مؤثر، قابلِ برداشت اور دیرپا بنیادوں پر مستحکم کرنا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600407