اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نےپاک عرب ریفائنری لمیٹڈ (پارکو) کے کارپوریٹ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پٹرولیم ڈویژن کے ایڈیشنل سیکرٹری (پالیسی) ظفر عباس اور ڈپٹی سیکرٹری وقاص برلاس بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔
پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ (پارکو) کے کارپوریٹ ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر پارکو کے منیجنگ ڈائریکٹر ارتضیٰ علی قریشی اور کمپنی کی سینئر مینجمنٹ نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران علی پرویز ملک کو پارکو کی ماڈیولر گروتھ سٹرٹیجی، آپریشنل ایکسیلنس کی پچاس سالہ روایت، اور مستقبل کی سٹرٹیجک روڈ میپ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں جدت، کارکردگی اور پائیداری کے ذریعے پاکستان کی انرجی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے میں پارکو کے اہم کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ وزیر علی پرویز ملک نے پاکستان کے انرجی لینڈ سکیپ میں پارکو کے کردار کو سراہا اور ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کو حکومتی ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف انرجی سپلائی چین کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ صاف توانائی کی طرف منتقلی بھی آسان ہوگی۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تحفظ اور صاف توانائی کے معیارات کو برقرار رکھنے کو اہمیت دیتا ہے۔ ان کا یہ دورہ حکومتی حمایت کی عکاسی کرتا ہے جو ملک کی بڑھتی ہوئی انرجی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے اداروں جیسے پارکو کو سپورٹ کرتی ہے۔ حکومت انرجی کی ضروریات کو پورا کرنے اور محفوظ، پائیدار اور خود کفیل انرجی مستقبل کے قومی وژن کے ساتھ اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603323