وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر کی ملاقات

139
وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ کی پاکستان میں ترکیہ کے سفیر سے ملاقات

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو سے پیر کو وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس اسلام آباد میں ملاقات کی۔وفاقی وزیر نے سفیرکا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ہمارے دلوں کے بہت قریب ہے، ہمارے دو ملکوں کے درمیان صدیوں پرانے گہرے ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں۔

انہوں نے ترکیہ کے سرکاری دوروں کے دوران اپنی خوشگوار یادوں کو بھی دہرایا اور انٹرنیشنل فورم پر پاکستان کے لئے ترکیہ کی غیر متزلزل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔وفاقی وزیر نے تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ سیکٹر کی ترویج حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

انہوں نے اسے سفیر کا بروقت دورہ قرار دیا جب ہائوسنگ کی وزارت پاکستان میں ہائوسنگ کے مسائل کے لئے نئے آئیڈیاز تلاش کر رہی ہے اور ان کے حل کو خوش اسلوبی سے آگے لانے کی خواہاں ہے۔ ترکیہ کےسفیر نے کہا کہ وہ ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے متعدد شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دو طرفہ اور یہاں تک کہ سہ فریقی تعلقات میں بھی شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے ریپبلک آف ترکیہ کی ہائوسنگ ایڈمنسٹریشن ٹوکی کے بارے میں ذکر کیا جو 1984 میں معاشرے کے کم اور درمیانی آمدنی والے طبقے کے لئے ہائوسنگ مسائل کو حل کرنے کے لئے قائم کی گئی تھی۔ سفیر نےاشتراکیت کے پروگرامز اور ملک کے ہائوسنگ سیکٹر میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بہت بڑی مارکیٹ ہونے کی وجہ سے یہاں ہائوسنگ کے شعبے میں بہت منافع بخش امکانات ہیں، دونوں طرف خاص طور پر ان شعبوں میں مزید مواقع تلاش کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے ترکیہ میں کمیونٹی گارڈنز کے فن کی تعریف کی اور پاکستان میں ٹوکی کے کامیاب ماڈلز کی نقل تیار کرنے کے لئے رابطہ کے لیے ہر طرح سےتیار ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔اس موقع پر دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔