وفاقی وزیر برائے ہاسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے 36 ویں ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس

127

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہاسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی(ایف جی ای ایچ اے)کے 36 ویں ایگزیکٹو بورڈ اجلاس جمعہ کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں13 اور 14 نومبر کو سیکٹر جی۔13 اور جی۔14 اسلام آباد میں واقع ایف جی ای ایچ اے کے24 کمرشل پلاٹوں کی آئندہ اوپن نیلامی کے لئے بروشر اور نظر ثانی شدہ شرائط و ضوابط کی منظوری دی گئی۔ مزید برآں، سیکٹر۔24 بی، 25 بی، 19 سی اور اسکیم 33 میں واقع مختلف کیٹیگریز اور سائز کے کمرشل پلاٹوں اور جائیدادوں کی نیلامی اور گلزار ہجری،

کراچی کے بارے میں امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ سی ڈی اے کی جانب سے سیکٹر آئی۔8 میں ایف جی ای ایچ اے کو فراہم کئے جانے والے بقیہ پلاٹوں کے کلیم اور اسلام آباد لینڈ ڈسپوزل ریگولیشنز کے تحت10 فیصد پلاٹ کا موضوع بھی ایجنڈے میں شامل تھا۔ بورڈ نے بنیادی طور پر نیلامی کے لئے بروشر اور شرائط و ضوابط کی منظوری دی جو حال ہی میں سرمایہ کاروں کو قبضے میں مزید آسانی، چھوٹ، قسط کا منصوبہ، بلڈنگ پلان اور فلور ایریا تناسب کی منظوری کی پیشکش کرکے انہیں مزید سرمایہ کار دوست بنانے کے لئے نظر ثانی کی گئی ہے۔وفاقی وزیر نے شرائط و ضوابط کو اس انداز میں ڈھالنے پر زور دیا

جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے زیادہ پرکشش ہوں۔ سی ڈی اے کے ساتھ ایف جی ای ایچ اے کے پلاٹوں کے دعوے کو طے کرنے کے لئے، وفاقی وزیر ہائوسنگ نے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا مشورہ دیا جس میں بڑے اسٹیک ہولڈرز یعنی ایف جی ای ایچ اے، سی ڈی اے، فنانس اور لا ڈویژن کے ممبر شامل ہوں گے۔ یہ قدم وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق وفاقی حکومت کے اداروں، محکموں کے درمیان طویل موقف کے تنازعات کو غیر ضروری قانونی چارہ جوئی میں وسائل ضائع کرنے کے بجائے مل بیٹھ کر طے کرنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔