وفاقی وزیر برجیس طاہر کا شوپیاں میں بھارتی فوج کی فائرنگ کی پرُزور مذمت

45

اسلام آباد ۔ 6 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں بھارتی فوج کی جانب سے نجی گاڑی پر فائرنگ کر کے متعددافراد کو شہید کرنے کے واقعے کی پرُزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے پرُتشدد کارروائیوں میں رو ز بروز اضافہ ہو رہا ہے ، مقبوضہ کشمیر کی گلیوں اور سڑکوں پر معصوم کشمیری نوجوانوں کا خون ظالمانہ طریقے سے بہایا جارہا ہے ۔منگل کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بھارتی سرکار اور ظالم افواج آئے روز مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر نہتے کشمیری نوجوانوں ، بچوں اور بزرگوں کو شہید کررہے ہیں جس پر اقوام متحد ہ اور عالمی برادری کی خاموشی اُن کی بے حسی کو ظاہر کرتی ہے۔