وفاقی وزیر بیرسٹر فروغ نسیم سے یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق کی ملاقات

69
وفاقی وزیر بیرسٹر فروغ نسیم سے یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق کی ملاقات

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان میں خواتین کے لئے خصوصی قانون سازی کی گئی ہے جو کہ تمام طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق ایمون گلمور سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو وفاقی وزیر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینارا بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وفاقی وزیر فروغ نسیم نے ایمون گلمور سے دورہ پاکستان کے حوالے سے دریافت کیا۔

یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق ایمون گلمور نے وزیر قانون کی کارکردگی اور ان کے لائے ہوئے قوانین کی تعریف کی۔ ایمون گلمور نے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔

وفاقی وزیر نے یورپی یونین کے وفد کو جینڈر رائٹس، اینٹی ریپ لاء اور خواتین کی جائیداد کے حقوق کے حوالے سے ہونے والی قانون سازی کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کے لیے ہم نے خصوصی قانون سازی کی ہے جو کہ تمام طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لئے ہے، اب صرف ایک درخواست خاتون محتسب کو دینے پر خواتین کی جائیداد سے متعلق کیس کا فیصلہ تین ماہ میں یقینی ہو گا،

پنجاب میں بارہ ہزار کیسز اس قانون کے تحت نمٹائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کے ذریعے سکسیشن سرٹیفکیٹ اور لیٹر آف ایڈمنسٹریشن 15دن میں جاری ہو رہے ہیں جہاں پہلے پانچ سے سات سال لگتے تھے، پاکستان کی تاریخ میں ایسی قانون سازی پہلے کبھی نہیں کی گئی جو ہم نے کر دی ہے، کریمنل لاء میں سات سو سے زائد ترامیم کی گئی ہیں جن کے نافذ ہونے سے پاکستان کی رینکنگ مزید بہتر ہوگی اور اس کی اقوام متحدہ کے سٹڈی گروپ "جسٹس پروجیکٹ آف پاکستان” نے بے حد تعریف کی ہے۔

ایمون گلمور نے پاکستان میں تاریخی قانون سازی کرنے پر وزیر قانون کو مبارکباد پیش کی اور ان کے کام کو بہت سراہا۔ایمون گلمور نے پاکستان میں ہونے والی قانون سازی کو خوش آئند اور بڑی خبر قرار دیا۔

ملاقات میں پاکستان کی ایف اے ٹی ایف پوزیشنگ بھی زیر بحث آئی۔ وزیر قانون نے یورپی یونین کے وفد کو انڈیا میں خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انسانی حقوق کے حوالے سے اگر ہمارا موازنہ انڈیا سے کیا جائے تو ہم انڈیا سے بہت بہتر ہیں۔