وفاقی وزیر بیرسٹر فروغ نسیم کی زیرصدارت کراچی کے مسائل کے حل کے لئے ”حکمت عملی کمیٹی“ کا اجلاس

76

کراچی۔ 9 ستمبر (اے پی پی) کراچی کے مسائل کے حل کے لئے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بنائی جانے والی ”حکمت عملی کمیٹی“ کا اجلاس پیر کو یہاں کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین وفاقی وزیر برائے قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراءخالد مقبول صدیقی، فیصل واوڈا، میئر کراچی وسیم اختر، امین الحق، حلیم عادل شیخ، فردوس شمیم نقوی، آفتاب صدیقی، خرم شیرزمان اور ارشد حسین شریک ہوئے۔ چھٹی کے دن بھی کراچی کے مسائل کے حل کے لئے اہم اجلاس تین گھنٹے تک منعقد کیا گیا اور ان کے حل کے لئے تجاویز پرغور کیا گیا۔ وفاقی حکومت کی کمیٹی کراچی میں انتظامی مسائل کے لئے سفارشات مرتب کرے گی۔ کمیٹی کراچی میں درپیش پانی، گندگی، سمیت دیگر مسائل پر رپورٹ بنائے گی۔ ابتدائی طور پر 12 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی کا نام ”کراچی اسٹریٹیجک کمیٹی“ ہوگا جس میں 6 ممبران ایم کیو ایم اور 6 پی ٹی آئی سے شامل کئے جائیں گے۔ پی ٹی آئی کے حلیم عادل شیخ کو فوکل پرسن بنایا گیا ہے جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے امین الحق فوکل پرسن ہوں گے۔