اسلام آباد ۔ 11 دسمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅ جنگ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے معالات کے علاوہ سماجی شعبہ کی ترقی، کھیلوں، نوجوانوں کی انٹرن شپ اور پروگرامز کے تبادلہ جات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان چین پر سب سے زیادہ اعتماد کرتا ہے اور اس کے ساتھ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے، ہم نے چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔ وفاقی وزیر نے کھیلوں کے بڑے بڑے شعبوں میں تعاون کی تجدید نو کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ماضی میںکھیلوں کو نظر انداز کیا گیا تاہم موجودہ حکومت نے پاکستان میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے کا عزم کر رکھا ہے، اس لئے ہم کھیلوں کے انفراسٹرکچر اور استعداد سازی میں چینی تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ وفاقی وزیر نے سی پیک کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک ہماری قومی ترجیح ہے، دونوں اطراف نے کھیلوں، ثقافت، تعلیم، غربت میں کمی لانے اور خواتین کی بااختیاری جیسے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔دریں اثناءوفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا سے آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ نے بھی ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور موجودہ حکومت نے آذربائیجان کے ساتھ مزید شعبوں میں تعاون کے امکانات کی تلاش کا عزم کر رکھا ہے۔ اس موقع پر سفیر علی علیزادہ نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کا سٹرٹیجک برادر ملک ہے اور آذربائیجان اور عوام پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا چاہئے۔ دونوں اطراف نے توانائی، کھیلوں اور سماجی شعبہ میں تعاون مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=125530