اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے انڈونیشیا کے اپنے ہم منصب پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کیلئے اپنے درآمدی کوٹہ کا ازسرنو جائزہ لے۔ انڈونیشیا کے وزیر تجارت سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ انڈونیشیا کی مارکیٹوں تک آزادانہ رسائی سے پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی تجارت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا کو پاکستان کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے) سمیت درآمدی کوٹہ پر نظرثانی کرنا چاہئے اور ایسی رکاوٹوں کو دور کرنا چاہئے جو دونوں ممالک کے تجارتی حجم کو بڑھانے میں حائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونون ممالک کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے) سے دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا سے پام آئل کی درآمد میں بتدریج اضافہ ہوا ہے جبکہ پاکستان میں توانائی کی پیداوار میں اضافہ کیلئے انڈونیشیا سے کوئلہ درآمد کرنے کے امکانات ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=14056