اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان ایک اعلیٰ سطحی سرکاری دورے پر پیر کو جاپان پہنچ گئے، دورے کا مقصد پاکستان اور جاپان کے درمیان معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
پیر کو وزارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر تجارت کا کانسائی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر پاکستان کے اکنامک منسٹر، ڈائریکٹر پاکستان پویلین ایکسپو 2025 اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کاؤنسلر نے پرتپاک استقبال کیا۔(کل)منگل کو جام کمال خان اوساکا میں جاری 2025 ورلڈ ایکسپو میں پاکستان کی نمائندگی کی قیادت کریں گے۔ اس کے علاوہ جام کمال جاپان ایسوسی ایشن برائے 2025 ورلڈ ایکسپوزیشن کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے ۔
بعد ازاں وزیر تجارت مختلف ممالک کے پویلینز کا دورہ کریں گے جن میں پاکستان پویلین کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ پاکستان پویلین میں ملک کے ابھرتے ہوئے شعبہ جات، روایتی دستکاری، سیاحتی کشش اور صنعتی قوت کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔وزیر تجارت دن بھر دیگر اہم علاقائی و عالمی شراکت داروں کے پویلینز کا بھی دورہ کریں گے۔ان مصروفیات کے علاوہ وہ ایک سفارتی عشائیہ میں شرکت کریں گے اور جاپانی حکام و کاروباری شخصیات سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601511