وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال عبداللہ کی ملاقات

144
Jam Kamal Khan

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ وزارت تجارت، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ساتھ مل کر ایتھوپیا میں منعقد ہونے والی سنگل کنٹری ایگزیبیشن کی تیاری کر رہی ہے ، نمائش کا مقصد پاکستانی تاجروں کو ایتھوپیا کے اہم منصوبوں سے جوڑنا اور افریقہ کی 1.4 ارب افراد کی وسیع مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ وزارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال عبداللہ سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں ایتھوپیا اور وسیع تر افریقی مارکیٹ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی اپنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفاقی وزیر تجارت نے مئی 2025 میں عدیس ابابا میں منعقد ہونے والی سنگل کنٹری نمائش کے انتظامات اور ایتھوپیا کی حکومت کی جانب سے تعاون فراہم کرنے پر سفیر کا شکریہ بھی ادا کیا ۔ وزیر تجارت نے کہا کہ نمائش سے قبل ملک بھر میں سیمینارز کا سلسلہ شروع کیا جائے گا جس میں دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کو مدعو کیا جائے گا ۔

ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال عبداللہ نے کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان ہفتے میں چار پروازیں چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی لاہور اور اسلام آباد سے بھی براہ راست پروازیں شروع کی جائیں گی ۔ ملاقات میں دونوں فریقوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عدیس ابابا میں سنگل کنٹری نمائش نہ صرف پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارت کو مضبوط کرے گی بلکہ پاکستانی تاجروں کے لئے وسیع تر افریقی مارکیٹ کے ساتھ منسلک ہونے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر بھی کام کرے گی۔