32.1 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 24, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے برکینا فاسو کے نامزد سفیر...

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے برکینا فاسو کے نامزد سفیر محمدی کابورے کی ملاقات، پاکستان اور برکینا فاسو کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ پر اتفاق

- Advertisement -

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان میں برکینا فاسو کے نامزد سفیر محمدی کابورے نے ان کے دفتر میں جمعہ کو ملاقات کی۔ یہ ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ تھا،سفیر کابورے تہران میں مقیم ہیں اور وہیں سے پاکستان کے لیے سفارتی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ملاقات میں دونوں فریقین نے دوطرفہ تجارت کے فروغ اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔سفیر کابورے نے پاکستان میں برکینا فاسو کا مستقل سفارتی مشن قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ برکینا فاسو اسلام آباد کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا خواہشمند ہے۔

وفاقی وزیر نے برکینا فاسو کے سفیر کو دعوت دی کہ وہ اگست میں کراچی میں منعقد ہونے والی فوڈ اے جی نمائش میں شرکت کے لیے ایک کاروباری وفد پاکستان بھیجیں۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کے تبادلے دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور تجارت کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ملاقات میں سفیر کابورے نے اپنے ہم منصب کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور وزیر تجارت کو برکینا فاسو کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

- Advertisement -

انہوں نے 7 سے 11 جون تک برکینا فاسو میں ہونے والے کاروباری فورم میں پاکستان کی شرکت کی درخواست بھی کی، جو تجارتی مواقع اور شراکت داریوں کے فروغ کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔وزیر تجارت نے قلیل وقت کی نشاندہی کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پاکستانی کاروباری نمائندوں کو بھیجنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی، اگر جون میں شرکت ممکن نہ ہو تو ایک الگ تجارتی وفد بعد میں بھیجا جائے گا ۔

جام کمال خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم ناکافی ہے اور اس میں اضافے کے لیے نئے شعبوں کی تلاش ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افریقی ممالک کو کم لاگت ٹریکٹرز اور زرعی مشینری برآمد کر رہا ہے اور برکینا فاسو کے ساتھ بھی اس نوعیت کے تعاون کی بڑی گنجائش موجود ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600650

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں