وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے بیلاروس کے خارجہ امور کے فرسٹ ڈپٹی منسٹر کی ملاقات

171

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):بیلاروس کے صدر وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ مفاہمت کی متعدد یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کرنے کے لئے اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وزارت تجارت کے اعلامیہ کے مطابق یہ اعلان بیلاروس کے خارجہ امور کے فرسٹ ڈپٹی منسٹر سرگی لوکاشیوچ نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات کے دوران بدھ کو کیا۔ وزیر تجارت کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیسا، سیکرٹری تجارت احسن علی منگی اور دیگر حکام اور سفارتکار بھی موجود تھے۔ لوکاشیوچ نے دو طرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لئے ستمبر کے وسط میں مشترکہ تجارتی کمیشن کے اجلاس کا بھی اعلان کیا۔ وزیر مملکت جام کمال خان نے ٹریکٹر مینوفیکچرنگ اور زرعی مشینری میں بیلاروس کی ترقی کو سراہا۔

انہوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کاروباری برادری کے اندر اعتماد پیدا کرنے کے لئے وزیر اعظم شہباز شریف کے نئے انداز کو اجاگر کیا۔ لوکاشیوچ نے بتایا کہ جولائی میں 35 پاکستانی تاجر خوراک اور زراعت کی نمائش کے لئے بیلاروس کا دورہ کریں گے۔ وفاقی وزیر نے سروس ٹائر کمپنی کی چین سے پاکستان منتقلی کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے مواقع پر زور دیا۔ ملائیشیا اور خلیجی ممالک نے بالترتیب پاکستان کی حلال جیلیٹن اور گوشت کی صنعتوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

جام کمال نے بتایا کہ ایک چینی الیکٹرک گاڑیاں (ای ویز) بنانے والی کمپنی مقامی پاور کمپنی کے ساتھ مشترکہ منصوبے کے ذریعے پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہونے جا رہی ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری میں موبائل فون مینوفیکچررز اور فوڈ انڈسٹریز کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا بھی ذکر کیا۔یہ ملاقات پاکستان اور بیلاروس کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون کے خواہاں ہیں۔