
اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ جرمنی نے سپلائی چین ڈیو ڈیلیجنس ایکٹ جیسے اقدامات کے ذریعے پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جرمن وزیر برائے اقتصادی تعاون و ترقی سوینجا شولز سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر طلب میں اضافہ ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تربیت یافتہ لیبر موجود ہے۔ جام کمال نے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول میں جرمنی کی جانب سے پاکستان کی حمایت کو سراہا۔ملاقات میں جرمن وزیر شولزے نے کئی دہائیوں پر محیط جرمنی اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا۔ ا
نہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں بہت سی جرمن کمپنیاں پاکستان میں کامیابی سے کام کر رہی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مضبوط کاروباری تعلقات قائم ہیں ۔ جرمن وزیر نے تمام شعبوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ خواتین کے کردار کو بتدریج بڑھانے کے لیے حکومت پرعزم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں خواتین کے خصوصی تربیتی ادارے (فیٹی ) جیسے اداروں سے خواتین کے کردار کو بتدریج بڑھانے میں مدد ملے گی ۔ ملاقات میں نیشنل کمپلائنس سینٹر (این سی سی ) پر روشنی ڈالی گئی، دونوں وزراء نے تجارت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے جرمن وزیر کو وزارت تجارت میں آمد پر چادر کا روایتی تحفہ بھی پیش کیا۔