اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سیکرٹری جنرل ذوالفقار بٹ کی سربراہی میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ وزارت سے جاری اعلامیہ کے مطابق بدھ کو ہونے والی ملاقات میں ویمن چیمبر کی چیئرپرسن حنا منصب اور معروف صنعتکار زبیر ملک بھی شامل تھے۔ ملاقات میں بالخصوص بنگلہ دیش کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے وزیر تجارت کو بتایا کہ عید کے بعد ایف پی سی سی آئی کے تعاون سے ایک بڑا تجارتی وفد بنگلہ دیش روانہ ہو گا۔
انہوں نے حالیہ دنوں میں بنگلہ دیش کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہیں وہاں عوام اور حکام کی جانب سے بے پناہ عزت، محبت اور مہمان نوازی ملی جس پر وہ نہایت خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوئے۔ وفد نے بتایا کہ ان کی ملاقات بنگلہ دیش کے وزیر تجارت سے بھی ہوئی جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ویمن چیمبر کی چیئرپرسن حنا منصب نے کہا کہ بنگلہ دیش خواتین کاروباری افراد کے لئے بھی ایک موزوں تجارتی منزل ہے کیونکہ دونوں ممالک کی ثقافت، مہمان نوازی اور کاروباری ماحول میں خاصی مماثلت پائی جاتی ہے۔
وفد نے بتایا کہ 19 سے 21 مئی تک ایک تجارتی میلہ منعقد ہوگا جس میں 44 کمپنیاں شرکت کریں گی اور اپنے مصنوعات و خدمات کو پیش کریں گی۔وفاقی وزیر جام کمال خان نے وفد کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ بنگلہ دیش 18 کروڑ کی آبادی کے ساتھ ایک بڑی منڈی ہے جہاں بے شمار تجارتی مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے وفد کو ہر ممکن حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں تعمیر ہونے والی سارک چیمبر آف کامرس کی عمارت کے بارے میں بھی دریافت کیا جس پر وفد نے آگاہ کیا کہ یہ 9منزلہ عمارت اب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ ایک دہائی تک صرف گرے سٹرکچر میں رہنے والی یہ عمارت حالیہ حکومتی مداخلت کے باعث مکمل ہونے جا رہی ہے جو ایک خوبصورت تجارتی مرکز بنے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586514