وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کراچی کا دورہ

175
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کراچی کا دورہ
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کراچی کا دورہ

اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے جمعہ کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کراچی کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر تجارت کا قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب فیاض مگون، چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان محمد زبیر موتی والا اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دیگر عہدیداران اور سٹیک ہولڈرز نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر ثاقب فیاض اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زبیر موتی والا سمیت مقررین نے کاروبار کی موجودہ صورتحال اور مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت کہا کہ پاکستان کی معیشت کو فروغ دینے اور کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے وزیراعظم کے وژن کے تحت وزارت تجارت اور حکومت پاکستان کام جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت کی بقاء براہ راست وزارت تجارت اور چیمبرز آف کامرس کی بیک وقت کارکردگی سے منسلک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشنز پر موجود تجارتی افسران کو خاص طور پر ملک کی تجارت کو فروغ دینے کے لیے ہدایات دی گئی ہیں ۔ چیمبرز کے نمائندوں نے وزیر تجارت کو لوڈشیڈنگ، گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کے حوالے سے تاجر برادری کے خدشات سے بھی آگاہ کیا ۔ جام کمال نے کہا کہ تاجروں کو درپیش مسائل کا ازالہ کیا جا رہا ہے اور حکومت ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ڈیفالٹ کے تاثر کے ساتھ صورتحال کافی تشویشناک تھی، تمام چیلنجز کے باوجود یہ ملک نہ صرف بچ گیا بلکہ ہم وزیراعظم کے وژن کے تحت درست سمت میں جا رہے ہیں۔