18.2 C
Islamabad
جمعرات, مارچ 13, 2025
ہومتجارتی خبریںوفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی عمان کے وزیر تجارت و...

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی عمان کے وزیر تجارت و صنعت اور سرمایہ کاری قیس الیوسف سے ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے عمان کے وزیر تجارت و صنعت اور سرمایہ کاری قیس الیوسف سے مسقط میں ملاقات کی۔ بدھ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا اور شعبہ جاتی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔

اس موقع پر وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ عمان پاکستان کی صنعتی مہارت، تجربہ اور تجارتی صلاحیتوں سے مستفید ہو سکتا ہے اور اپنے وژن 2040 کے تحت اقتصادی تنوع کے اہداف حاصل کر سکتا ہے۔ قیس الیوسف نے پاکستان کی علاقائی تجارت میں اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی تعلقات اور جغرافیائی قربت پاکستان کو وسطی ایشیائی ممالک (سی اے آرز) کے لیے سب سے موثر تجارتی راستہ بناتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمان اپنی اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور نئے تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقع دریافت کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

- Advertisement -

دونوں وزراء نے براہ راست نقل و حمل کے روابط کو بہتر بنانے اور پاکستان کو وسطیٰ ایشیائی ممالک تک رسائی کا گیٹ وے قرار دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستانی وفد نے گوادار اور کراچی کے بندرگاہوں کی صلاحیت کو نمایاں کرتے ہوئے بتایا کہ یہ بندرگاہیں عمان کو ابھرتی ہوئی منڈیوں تک براہ راست رسائی فراہم کر سکتی ہیں۔ملاقات میں ٹیکسٹائل، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت، خوراک کی سلامتی اور مینوفیکچرنگ جیسے شعبوں میں مشترکہ تعاون کے مواقع پر بھی تفصیل سے گفتگو کی گئی۔

دونوں وزراء نے صنعتی تعاون، مشترکہ منصوبوں اور زرعی تجارت کی توسیع کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ ملاقات میں عمان کی جانب سے سینئر افسران بھی موجود تھے جن میں صالح سعید میسن ، ابتسام احمد الفاروگی، راشد سید آرشدی، خالد علی الحبیسی اور صہیب امیر الصواف شامل تھے۔

پاکستانی وفد میں وزیر تجارت کے ساتھ سفیر سید نوید صفدر بخاری، کمرشل کونسلر عشرت حسین بھٹی اور پاک-عمان انویسٹمنٹ کمپنی کے مینجر طلحہ خان موجود تھے۔دونوں وزراء نے مستقبل میں اقتصادی اقدامات، تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے مشترکہ وژن کے تحت تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پائیدار ترقی کے لیے مل جل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571674

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں