41 C
Islamabad
اتوار, مئی 18, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی یو این او پی ایس...

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی یو این او پی ایس کنٹری ڈائریکٹر سے ملاقات، بلوچستان کی ترقی بارے تبادلہ خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منصوبہ جاتی خدمات (یو این او پی ایس) کی کنٹری ڈائریکٹر اور ان کے وفد سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں بلوچستان کی ترقی کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا، اس کے علاوہ پاکستان اور یو این او پی ایس کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ خصوصاً تجارت، بنیادی ڈھانچے اور جامع اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان میں زراعت خاص طور پر کھجوروں کی کاشت، ماہی گیری اور معدنیات کے شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان کے مختلف شعبوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں، خواتین کو بااختیار بنایا جا سکے اور سرحدی علاقوں میں مقامی کمیونٹیز کو ترقی دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان تجارت اور ترقی کے لیے بڑی اہمیت رکھتا ہے، ہم اس صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے انفراسٹرکچر، لاجسٹکس اور ویلیو چین سسٹمز میں سٹریٹجک سرمایہ کاری کر رہے ہیں جس کا مرکز علاقائی شمولیت اور پائیداری ہے۔

- Advertisement -

جام کمال خان نے یو این او پی ایس کی پاکستان کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ادارے کی سکولوں میں شمسی توانائی کی تنصیب، پانی کے معیار کی بہتری، سیلاب کے دوران ہنگامی امداد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت کے لیے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا۔ یو این او پی ایس کی کنٹری ڈائریکٹر نے حکومت پاکستان کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ وزارت تجارت اور دیگر قومی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ برائے منصوبہ جاتی خدمات پائیدار تجارت، ماحولیاتی ہم آہنگ لاجسٹکس اور جامع معاشی ترقی کو فروغ دینے والے منصوبوں کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے وفاقی وزیر کو یو این او پی ایس کے جاری اور مستقبل کےمنصوبوں پر بھی بریفنگ دی جن میں صحت کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، پلاسٹک کے فضلے کا نظم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے موسمیاتی لحاظ سے محفوظ تربیتی سہولیات کی تعمیر شامل ہیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ یو این او پی ایس اپنی سرگرمیوں کو پاکستان وژن 2025 اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی تعاون کے فریم ورک 2023-2027 کے مطابق رکھے گا۔وزیر تجارت جام کمال خان نے یو این او پی ایس کے ساتھ ایک مشترکہ کوآرڈینیشن میکنزم قائم کرنے کی تجویز دی تاکہ باہمی ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی اور ان پر عمل درآمد کیا جا سکے۔

انہوں نے برآمدی شعبوں جیسے ٹیکسٹائل، آئی ٹی، ہینڈی کرافٹس، زراعت، لائیو سٹاک، کھجوریں، پھل اور دیگر ممکنہ مواقع میں خواتین اور چھوٹے کاروباروں کی شمولیت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ملاقات میں دونوں فریقین نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں خصوصاً بلوچستان میں ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596265

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں