وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کے بغداد میں پاکستان عراق مشترکہ وزارتی کمیشن کے 9 ویں اجلاس میں پروٹوکول پر دستخط

126
Jam Kamal Khan
Jam Kamal Khan

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بغداد میں پاکستان عراق مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے 9 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی جہاں انہوں نے باہمی تعاون کو مستحکم کرنے کے لئے منعقدہ اجلاس کی مشترکہ صدارت کی اور سرکاری پروٹوکول پر دستخط کئے ۔ منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں دونوں فریقوں نے متنوع شعبوں میں تعاون کے لئے سٹریٹجک روڈ میپ پر اتفاق کیا ۔ مشترکہ وزارتی کمیشن نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور اقتصادی ، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو بڑھانے کے لئے جامع پالیسی اپنانے پر اتفاق کیا جس کا اختتام کلیدی مفاہمت ناموں پر دستخط کرنے پر ہوا ۔

ان میں دونوں ممالک کے درمیان ورک فورس روزگار سے متعلق معاہدے شامل ہیں ۔ وزیر تجارت جام کمال خان نے دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے میں دونوں ممالک کے مشترکہ جذبے کی تعریف کی اور عراق کی اقتصادی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون کے لئے پاکستان کی جانب سے بھرپور حمایت کا یقین دلایا ۔ اجلاس میں تعلقات کو بڑھانے کے لئے متعدد اقدامات پر روشنی ڈالی گئی جن میں مذہبی سیاحت کا فروغ ، برآمدی پروسیسنگ زون، گارمنٹس زون ، دوا سازی اور زراعت جیسے اہم شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے صنعتی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

محنت اور افرادی قوت کی برآمد پر تعاون ، خاص طور پر عراق کی تعمیر نو کے منصوبوں کے لئے لائحہ عمل بنانا شامل ہے۔ اجلاس میں صحت اور تعلیمی شراکت داری ، عراقی طلباء کے لئے وظائف کی پیشکش اور ویکسین کی تیاری ، صحت کی دیکھ بھال اور بائیوٹیکنالوجی میں تربیتی پروگراموں پر بھی زور دیا گیا ۔ پروٹوکول پر دستخط کے دوران اپنے ریمارکس میں جام کمال خان نے عراق کے ساتھ گہرے تعلقات کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج دستخط شدہ معاہدہ ہمارے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے ایک روڈ میپ کے طور پر کام کرے گا ۔

انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لئے پاکستان کی اصلاحات کا اعادہ کیا اور عراق پر زور دیا کہ وہ پاکستانی تاجروں کے لئے ویزا پابندیوں میں نرمی کرے ۔ وفاقی وزیر جام کمال خان نے امید ظاہر کی کہ جے ایم سی کے دوران رکھی گئی بنیاد تجارت ، سرمایہ کاری اور ثقافتی تبادلے میں نمایاں پیشرفت کا باعث بنے گی ۔ انہوں نے پیشرفت کا جائزہ لینے اور مستقبل کے اقدامات کی منصوبہ بندی کے لئے عراق کو پاکستان میں جے ایم سی کے 10 ویں اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ۔

پروٹوکول پر دستخط تجارت ، تعلیم ، صحت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں اپنی شراکت داری کو مستحکم کرنے کے لئے دونوں ممالک کے نئے عزم کی عکاسی کرتے ہیں ۔اجلاس کے اختتام پر جام کمال خان نے عراقی حکومت کی گرمجوشی سے مہمان نواز پر عراقی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان خوشحال مستقبل کے لئے امید کا اظہار کیا ۔ نویں جے ایم سی اجلاس کے کامیاب اختتام کو پاکستان اور عراق کے تعلقات کی بحالی ، باہمی ترقی اور تعاون کے نئے مواقع کھولنے کے لئے ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔