
کوئٹہ۔ 28 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما جام کمال کے فنڈز سے ضلع حب میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ 78 کروڑ روپے کی لاگت سے حب ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے زیر نگرانی سیوریج لائن ، اسٹریٹ ٹف ٹائل اور روڈ سیکٹر کے منصوبے تیزی سے مکمل ہورہے ہیں۔ وفاقی وزیر کے فنڈز سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ میونسپل کارپوریشن ضلع حب کے کونسلران ممتاز مگسی اور لالا یوسف کررہے ہیں۔
ممتاز مگسی نے لا آباد ٹاؤن میں سیوریج لائن اور اسٹریٹ ٹف ٹائل کی اسکیمات کا معائنہ کیا۔ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے انجنیئرز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حب ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبے جام کمال کے وژن اور عوام دوست پالیسی کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع حب میں 10 کروڑ روپے کی لاگت سے گرلز کالج اپ گریڈیشن اسکیم جام کمال کی تعلیم دوست اقدامات کی علامت ہے۔ ضلع حب کی ترقی کیلئے جام خاندان نے بیشمار ترقیاتی کام کئے ہیں، وفاقی وزیر جام کمال اور پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ زرین خان مگسی کی کوششوں سے منظور شدہ ترقیاتی منصوبے ضلع حب کا نقشہ بدل دینگے۔