اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا ۔ دورہ کے دوران انہوں نے تاجر برادری کے مسائل سن کر ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر بطور مہمان خصوصی سیالکوٹ کی تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا کہ سیالکوٹ ہمیشہ سے ہی بہت اہمیت کا حامل رہا ہے جہاں پر علامہ محمد اقبال جیسی عظیم ہستیوں نے جنم لیاجنہیں آج بھی پوری دنیا میں عظیم مقام حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری کے ویسے بھی پوری دنیا میں چرچے ہیں جو اپنی مدد آپ کے تحت اپنی مصنوعات بیرون ممالک بھیج کر نہ صرف اپنا بلکہ ملک پاکستان کا نام بھی روشن کر رہے ہیں جس پر یہ لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری کا اپنی مدد آپ کے تحت اپنا ڈرائی پورٹ بنانا پھر اپنا ائیر پورٹ بنالینا اور پھر اپنی ائیر سیال کا آغاز کرنا انتہائی احسن اقدام ہیں جن کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومت ہو اس کا کام ہے کہ وہ ایسی تاجر برادری کا ساتھ دے اور ان کے کاموں میں انکا ہاتھ بٹائے تاکہ وہ مزید بہتر طریقے سے آگے بڑھتے ہوئے ملک کے لئے زرمبادلہ کما سکیں کیونکہ ایکسپورٹ ہی ایک ایسا ذریعہ ہے جو ملک کو معاشی مشکلات سے نکال سکتا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی ایکسپورٹ جتنی بڑھے گی ملک و قوم کے لیے اتنا ہی بہتر ہو گا لہٰذا ہم تاجر برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالات مشکل ضرور ہیں لیکن کچھ بھی ناممکن نہیں اور سیالکوٹ کی تاجر برادری کی مثال سب کے سامنے ہے کہ معاشی مشکلات کے باوجود وہ جس طرح کام کر رہے ہیں اور ملک پاکستان کے لئے زرمبادلہ کما رہے ہیں وہ دوسرے شہروں کے لیے بھی ایک مثال ہیں جس کی تقلید ملک کے دوسرے شہروں کو بھی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری میں صلاحیت موجود ہے کہ وہ ان مشکلا حالات میں بھی اپنی ایکسپورٹ بڑھا سکتے ہیں جس میں ہم حکومتی سطح پر ان سے بھرپور تعاون کریں گے ۔
انہوں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سمال ٹریڈر چیمبرز کے مطالبے کو اسی ماہ پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے گا تاکہ سیالکوٹ چیمبرمزید بہتر طریقے سے آگے بڑھ سکے اور ملکی ایکسپورٹ میں مزید اضافہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی)کی بابت تاجروں کے بیرون ممالک جانے کے حوالے سے مہینوں کی تاخیر نہیں ہونی چاہیئے ، اس ضمن میں انہوں نے متعلقہ حکام کو موقع پر ہی احکامات بھی جاری کیے۔ سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ مجھے آج سیالکوٹ چیمبر آف کامرس آ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے اور میں یہاں کی تاجر برادری کو سلام پیش کرتا ہوں جو اپنے کاروبار کو فروغ دیکر عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر کے اپنے وطن کا نام روشن کر رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھی اظہار خیال کیااور کہا کہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں اور وزارت تجارت نے اس ضمن میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ جون تک معاملات بہتر ہو جائیں گے اور ملک آگے بڑھے گا۔ انہوں نے صدر سیالکوٹ چیمبرآف کامرس عبدالغفور ملک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل وزارت خزانہ سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے سیالکوٹ چیمبر کا ایک وفد اسلام آباد آئے وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے ملکر انہیں بھی حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سنگین ملکی معاشی حالات کا حکومت کو بھی ادراک ہے جس کے لیے اہم و ٹھوس اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ کے کردار کو بھی سراہا اوروومن چیمبر کے زیر اہتمام ہونے والی پہلی صنعتی نمائش کے انعقاد کو انتہائی احسن اقدام قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی وومن چیمبر نے پہلی صنعتی نمائش کا انعقاد کر کے ایک اور نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے جس پر یہ خواتین مبارکباد کی مستحق ہیں کیونکہ یہ ایک ایسا اقدام ہے جس سے ہماری خواتین بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے معاشرے میں اپنا ایک نام و مقام بنا سکتی ہیں۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے فرزند سیالکوٹ خواجہ محمد آصف کی سیالکوٹ چیمبر اور سیالکوٹ کی تاجر برادری کے لیے کی جانے والی کاوشوں کااعتراف کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ہمیشہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی چھوٹی سے چھوٹی مشکل کو بھی حل کیا ہے جس پر تاجر برادری انکی مشکور ہے۔ اس موقع پر گروپ لیڈر ریاض الدین شیخ ، سینئر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وہب جہانگیر، نائب صدر عامر مجید شیخ،اراکین مجلس عاملہ ، صدر وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ ڈاکٹر مریم نعمان بٹ، چیئرمین پاکستان سپورٹس گڈز مینو فیکچررز اینڈا یکسپورٹرز ایسوسی ایشن ارشد لطیف بٹ، چیئرمین پاکستان گلوز مینو فیکچررز اینڈا یکسپورٹرز ایسوسی ایشن اعجاز چوہدری سمیت تاجر برادری کی کثیر تعداد یہاں موجود تھی۔