وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے ارجنٹائن کی تاجر برادری کی ملاقات، کراچی میں ٹیکسپو 2022 میں شرکت کی دعوت دی

161

بیونس آئرس۔8نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے ارجنٹائن کی تاجر برادری نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے لئے ملاقات کی۔ ملاقات ارجنٹائن میں پاکستانی سفارتخانہ کی طرف سے بیونس آئرس میں وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر ہوئی۔

عشائیہ میں معروف کاروباری شخصیات، چیمبرز کے صدور، امپورٹرز، ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور دیگر معززین نے شرکت کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے درآمد کنندگان اور سرکردہ تاجروں کا پاکستان کے ساتھ وفاداری پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ارجنٹائن کی حکومت کے ساتھ ان کے مسائل اٹھانے میں ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔

وفاقی وزیر نے انہیں پاکستان کا دورہ کرنے اور 26 سے 28 مئی 2023 تک کراچی میں منعقد ہونے والے ٹیکسپو 2022 میں شرکت کی دعوت بھی دی۔کمپنیوں نے وفاقی وزیر تجارت اور سفارتخانہ کو فراہم کی جانے والی مدد اور تعاون کو سراہا اور پاکستان سے مزید مصنوعات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔