وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے امریکہ سے آئے ہوئے نمائندہ خصوصی برائے تجارت اور کاروباری امور، امریکی محکمہ خارجہ دلاور سید کی ملاقات

49

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے وزارت تجارت میں امریکہ سے آئے ہوئے نمائندہ خصوصی برائے تجارت اور کاروباری امور، امریکی محکمہ خارجہ دلاور سید نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دلاور سید کے ساتھ یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) میں ریجنل پالیسی لیڈ برائے یورپ اور وسطی ایشیا گایا سیلف بھی تھیں۔

وفاقی وزیر تجارت نے امریکی کمپنیوں اور کاروبار کے لئے مختلف شعبوں جیسے کہ آئی ٹی، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل وغیرہ میں پاکستان میں موجود مواقع پر روشنی ڈالی۔ وزیر تجارت نے پاکستان میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں سمیت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو درپیش حقیقی مسائل کو حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی اور کاروباری امور نے پیش کئے جانے والے مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ حکومت پاکستان کی جانب سے ملک کے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے پر توجہ دینے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے گا۔