وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر کی پاکستان ہائی کمیشن لندن میں سرمایہ کاروں سے ملاقات

186

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا کہ پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرنے میں حکومت ہر ممکن مدد کرے گی۔انہوں نے یہ بات منگل کو پاکستان ہائی کمیشن لندن میں سرکردہ سرمایہ کاروں سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سید نوید قمر نے کہا کہ سرمایہ کار کمپنیاں بنیادی طور پر ایکویٹی فنانسنگ، فنٹیک، اسٹارٹ اپ اور وینچر کیپٹل فنڈز میں ڈیل کرتی ہیں،مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے مستقبل کے امکانات کو تلاش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان کے سرکاری اور نجی شعبوں کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو فروغ ملے گا۔میٹنگ میں برطانیہ کی معروف کمپنی مالکان کی شرکت مثبت عمل ہے،ان کی شرکت نے پاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیت میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور اعتماد کو اجاگر کیا۔یہ شرکت عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مقام کے طور پر ملک کی ابھرتی ہوئی پوزیشن کی عکاسی کرتا ہے۔

پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرنے میں حکومت ہر ممکن مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس مکالمے، خیالات کے تبادلے اور غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے لیے ممکنہ منصوبوں کی تلاش کے لیے ایک قابل قدر پلیٹ فارم ہے۔