اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر بیلاروس حکومت کی دعوت پر 12 جنوری کو بیلا روس کا دورہ کریں گے۔
بدھ کو وزارت تجارت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے بیلاروس کے سفیر اینڈری میٹیلسٹا نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ اس دوران بیلا روس کے سفیر نے وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر کو لاجسٹک انتظامات، اپنے ہم منصبوں کے ساتھ اہم ملاقاتوں سے آگاہ کیا۔
سید نوید قمر بیلاروس میں وزیر صنعت، وزیر برائے امور خارجہ و تجارت اور توانائی سے ملاقات کریں گے۔وہ پاکستان بیلاروس کے مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے چھٹے اجلاس کی شریک صدارت بھی کریں گے۔ مشترکہ وزارتی کمیشن تجارت، صنعت، صحت، تعلیم، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کرے گا۔
پاکستان اور بیلاروس نے 5 مئی 1997 کو تجارتی اور اقتصادی تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے جس کے تحت مشترکہ وزارتی کمیشن قائم کیا گیا۔اجلاس کے دوران دونوں فریق ٹیکسٹائل، صنعت، کسٹمز، سیاحت، اعلیٰ تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے لئے کم از کم 6 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کریں گے۔\932
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=344727