وفاقی وزیر تجارت سے امریکی چارج ڈی افیئرز کی ملاقات، تعاون کے نئے مواقع کی تلاش پر تبادلہ خیال

74
Federal Minister of Commerce
Federal Minister of Commerce

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے امریکی چارج ڈی افیئرز نٹالی اے بیکر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط کرنے اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت تجارت سے جار ی ییان کے مطابق بدھ کو ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے نٹالی اے بیکر اور امریکی حکومت کو اقتدار کی منتقلی کے کامیاب عمل پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

دونوں فریقین نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے اور اہم اقتصادی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں زراعت کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے، خاص طور پر ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے کاٹن انڈسٹری میں ترقی کے مواقع اور معدنیات، ٹیکسٹائل اور قابل تجدید توانائی جیسے ممکنہ سرمایہ کاری کے شعبوں کی نشاندہی بھی کی۔