اسلام آباد ۔ 05 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج سمیت عام شہریوں نے بھی دہشت گردی کے خلاف جاری اس جنگ میں ایسی لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں عالمی برادری بھی سراہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سول و مسلح اداروں کی مضبوط اور موثر کوششوں کی بدولت آج ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان شروع کیا گیا جس کے تحت اہم و موثراقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے بلوچستان میں جھل مگسی کے اندر درگاہ پر ہونے والے خود کش دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا حکومت اور اداروں کا کردار آئین میں واضح ہے اس لیے سب کو اپنی ڈومین میں کام کرنا چاہیئے۔