وفاقی وزیر تعلیم ، پیشہ ورانہ تربیت اور قومی ثقافتی ورثہ شفقت محمود کی ترکی کے وزیر برائے قومی تعلیم ضیا سیلاﺅک سے ملاقات

103

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم ، پیشہ ورانہ تربیت اور قومی ثقافتی ورثہ شفقت محمود نے 5 رکنی وفد کی قیادت کرتے ہوئے پیر کو انقرہ میں ترکی کے وزیر برائے قومی تعلیم ضیا سیلاﺅک سے ملاقات کی۔ دونوں وزراءنے تعلیم ، بالخصوص تکنیکی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت میں پاک ترکی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر زیا سیلﺅک نے کہا کہ پاکستان ترکی کے عوام کی نظر میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی نے پوری تاریخ میں ایک دوسرے کی حمایت کی ہے ، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ وہ ترکی کی جنگ آزادی ، مانکلے جنگ اور 15 جولائی 2016 کی ناکام بغاوت کے دوران پاکستانی عوام کی طرف سے دی جانے والی حمایت کو فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے پاک ترک اسکولوں کو ترکی کے معارف فاو¿نڈیشن کے حوالے کرنے میں پاکستان حکومت کی کوششوں کو بھی سراہا۔ جناح ینگ رائٹرز ایوارڈز مضمون مقالے ، پاکستان سفارت خانے انقرہ اور ترکی کی وزارت قومی تعلیم کے مشترکہ منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر ضیا سیلاﺅک نے تعلیمی تعلقات کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر شفقت محمود نے ترک میزبانوں کا پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکی کی عوام ایک دوسرے کے لئے حقیقی محبت اور احترام رکھتے ہیں۔