اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے پیر کو یمن کے نائب وزیر برائے تعلیم ڈاکٹر علی الباب کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں یمن کے سفیر محمد مطہر الاشابی اور ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم حسن ثقلین بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے یمن کے نائب وزیر تعلیم ڈاکٹر علی الباب کا استقبال کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ یمنی وفد کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس کا کامیاب اختتام تمام مسلم ممالک کے لئے ایک تاریخی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تعلیم کے شعبہ میں یمن اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یمن اور پاکستان دونوں دہشت گردی کی وجہ سے نقصان اٹھا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی ملک کی ترقی کا بہترین ذریعہ ہے، باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون ضروری ہے،اب وقت آگیا ہے کہ تمام امت مسلمہ اپنے وسیع تر مفاد کے لئے متحد ہو جائے۔