وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین سے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ فیکلٹی ممبران پر مشتمل ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد کی ملاقات

52

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین سے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ فیکلٹی ممبران پر مشتمل ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد نے ملاقات کی۔وزیر تعلیم نے تعلیمی اداروں میں تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروا دی،صدر ٹیچرز ایسوسی ایشن ملک امیر خان ،صدر نان ٹیچنگ ایسوسی ایشن سردار صدیق،حسن میر،عمران مغل، رانا مقتداء،صداقت عباسی،آفتاب حسین سمیت دیگر وفد نے وزارت تعلیم میں وفاقی وزیر سے ملاقات کی،

وفد کے ممبران نے تعلیمی اداروں میں اساتذہ وغیر تدریسی عملہ کو درپیش مسائل سے وزیر تعلیم کو آگاہ کیا،اس موقع پر وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ تعلیم موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کے لئے ہرممکن کوشش کر رہے ہیں،اساتذہ اور غیرتدریسی عملہ کی ترقیوں کے کیسز جلدنمٹانے کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایات دے دی ہیں،

اس موقع پر صدر ٹیچرز ایسوسی ایشن ملک امیر خان نے کہا کہ ن لیگی حکومت کے گزشتہ دور میں تعلیمی اداروں میں میاں نواز شریف نے وزیر اعظم ریفارمز منصوبہ شروع کیا جس میں تعلیمی اداروں میں سہیولیات کی فراہمی کے لیے خطیر رقم مقرر کی گئی،اب بھی حکومت کو چاہیے کہ تعلیمی اداروں میں مسائل ختم کرنے کے لیے ایسا ہی منصوبہ دوبارہ شروع کیاجائے،وفد نے وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کیا۔