اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) پاکستان اور تیونس نے اعلیٰ تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ میں باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ جمعرات کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے تیونس کے سفیر عادل الاربی نے ملاقات کی۔ تیونس کے سفیر نے وفاقی وزیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی وزارت انتہائی اہم ہے اور موجودہ حکومت کی ترجیح بھی تعلیم ہے، پاکستان اور تیونس کے درمیان اچھے برادرانہ تعلقات ہیں۔ عادل الاربی نے کہا کہ اچھے تعلقات کے لئے دونوں ملکوں کے شہریوں کے درمیان رابطہ بہت ضروری ہے، تعلیم کے شعبے میں کام کرنے کے بہت سے مواقع ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ پاکستان اور تیونس کے درمیان ہائیر ایجوکیشن کے شعبے میں کام بہت ضروری ہے، پاکستانی اور تیونیشین جامعات کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ دونوں ممالک کو ووکیشنل ٹریننگ میں کام کرنا چاہئے۔ ملاقات میں دونوں جانب سے تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔