وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے یونیسیف کے وفد کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل کی سربراہی میں ملاقات

105
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے یونیسیف کے وفد کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل کی سربراہی میں ملاقات

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، قومی ورثہ اور ثقافت شفقت محمود سے یونیسیف کے ایک وفد نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل کی سربراہی میں ملاقات کی جس میں کووڈ-19 کے دوران محفوظ سکولوں کے دوبارہ کھلنے، سیکھنے کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

منگل کو جاری بیان کے مطابق ملاقات میں کووڈ 19 سے ہونے والے تعلیمی نقصانات کو کم کرنا، کلیدی چیلنجز ، ڈراپ آؤٹ کی شرح میں اضافہ، سکول سے باہر بچوں کا داخلہ خاص طور پر لڑکیوں پر توجہ مرکوز کرنا بھی زیر بحث آیا۔

فریقین نے بچوں کی رکی ہوئی نشوونما اور سکول کے کھانے کے پروگرام کے آغاز پر بھی تبادلہ خیال کیا جو بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ تعلیم کے شعبے سے متعلق معاملات میں وزارت اور یونیسیف کے درمیان بہتر تعلقات ہیں۔

وزارت نے یونیسیف کو 9 ملین امریکی ڈالر کی حفظان صحت کی کٹس کی خریداری اور فراہمی کے لیے منتخب کیاہے۔

یونیسیف فاصلاتی تعلیم کا فریم ورک تیار کرنے کے لیے وزارت کے ساتھ بھی تعاون کر رہا ہے۔ یونیسیف نے پاکستان میں تعلیم پر کوویڈ 19 کے اثرات پر ایک مطالعہ بھی کیا ہے۔ دونوں اطراف نے مستقبل میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔