وفاقی وزیر تعلیم و صوبائی صدر پی ٹی آئی شفقت محمودکا شیخوپورہ میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب

100
وفاقی وزیر تعلیم و صوبائی صدر پی ٹی آئی شفقت محمودکا شیخوپورہ میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب

شیخوپورہ۔12مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و صوبائی صدر پی ٹی آئی شفقت محمود نے کہا ہے کہ اپوزیشن قومی اتحاد و یکجہتی کی بجائے ملک میں عدم استحکام اور سیاسی انارکی پھیلانے کیلئےدشمن کا کام کررہی ہے،

وزیراعظم عمران خان کی حکومت گرانے اور ملک کو کمزور کرنے کیلئے سارے قومی لٹیرے جمع ہو کر سازشیں کررہے ہیں کیونکہ انکے خلاف اب احتساب مزید سخت ہونے جارہا ہے ، اب مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے برآمد ہونے کے کیس میں شہباز شریف جیل جانیوالے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پندرہ سال سے سندھ کو لوٹنے والے آصف علی زرداری بھی اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رانا ٹاؤن میں پی ٹی آئی کے ضلعی نائب صدر ملک محمد اقبال کے ڈیرہ پر پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جس کی صدارت ضلعی صدر کنور عمران سعید ایڈووکیٹ نے کی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی بریگیڈیئر ریٹائرڈ راحت امان اللہ خاں بھٹی، ارکان صوبائی اسمبلی میاں جلیل احمدشرقپوری، خرم اعجاز چٹھہ، عمر آفتاب ڈھلوں، مسرت جمشید چیمہ، ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری آصف منظور ورک، سید جاوید شاہ رضوی، میڈم گل فروشاں گوگی، رخسانہ بی بی و دیگر موجود تھے۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ شہباز شریف 21ارب ڈکار گئے ہیں اور دوسرا بھائی اپنے خاندان کے ساتھ لندن میں قومی دولت پر عیاشی کررہا ہے، نواز زرداری کے ادوار حکومت میں پاکستان پر چار سو ڈرون حملے کئے گئے مگر جب سے عمران خان وزیر اعظم بن کر برسر اقتدار آئے ہیں کسی کو ڈرون حملہ کرنے کی جرات نہیں ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کی خود مختاری و خودداری اور قومی سلامتی پر جو جرات مندانہ موقف اختیار کیا ہے عالم اسلام بھی اسکی بھرپور تائید کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ لاجز میں دہشت گرد عناصر کو داخل کرکے جس طرح پارلیمان پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی ہے اس پر ایکشن کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اس ایکشن پر اپوزیشن کا واویلہ انکی اپنی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے لوگوں کی گزشتہ تین سال سے لوٹ مار کا سلسلہ بند ہے جس کی وجہ سے انہیں بڑی تکلیف ہے، مگر وزیر اعظم قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور کرپٹ عناصر کو انکے منطقی انجام تک پہنچانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

پہلی مرتبہ ریاست پاکستان کے مفاد میں فیصلے ہورہے ہیں جن لوگوں کے بیرون ملک اثاثے ہیں وہ کس طرح امریکہ اور برطانیہ کی آنکھوں میں آنکھ ڈال کر بات کرسکتے ہیں یہ انکے غلام ہیں جسکی وجہ سے وہ پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے جبکہ وزیر اعظم عمران خان اس غلامی سے آزاد اور بے نیاز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جارہی ہے جو ان شاء اللہ ناکام ہوگی اور پاکستان کے عوام ڈی چوک میں وزیر اعظم کی کامیابی پر تاریخ ساز جشن منائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر پاکستانی کی جیب میں معیاری اور فوری علاج معالجہ کیلئے دس لاکھ روپے کی رقم موجود ہے ، یہ وزیر اعظم عمران خان کا وہ تاریخی اقدام ہے جو آج ہر پاکستانی کے گھر میں ڈسکس ہورہا ہے جبکہ احساس کفالت پروگرام بھی غریب عوام کو ریلیف دینے کیلئے ایک ٹھنڈی ہوا کو جھونکا ثابت ہورہا ہے