وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور قومی ورثہ شفقت محمود سے پاکستان میں متعین چین کے سفیر کی ملاقات

60

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور قومی ورثہ شفقت محمود سے پاکستان میں چین کے سفیر ایچ نونگ رونگ نے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے تعلیم اور مہارت کی ترقی پر مبنی باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات میں آہنی بندھن ہے اور یہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید گہرا ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کو کوڈ 19 وبائی ویکسین فراہم کرنے والا پہلا ملک ہے اور دنیا کے لئے بھی ایک رول ماڈل ہے جس طرح اس نے مہلک وائرس کے خلاف جنگ کی اور اس نادیدہ دشمن کو شکست دی۔

چین کے سفیر نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے چین ہمیشہ قومی اور بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے تاکہ ان تمام مسائل پر پاکستان کا ساتھ دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین میں تعلیم حاصل کرنے والے غیر ملکی طلباء کی سب سے بڑی تعداد کا تعلق پاکستان سے ہے۔

اسی طرح پاکستان وہ ملک ہے جس نے دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ چینی وظائف حاصل کیے ہیں۔دونوں فریقوں نے تعلیم ، ہنر مندی اور ثقافت کے شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

دونوں فریقوں نے چین میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلباء کے مسئلے پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس پر رابطے قائم رکھنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری وفاقی تعلیم فرح حامد خان ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی شائستہ سہیل اور وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام بھی شرکت تھے۔