وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین سے عالمی بینک کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر کی قیادت میں وفد کی ملاقات

80
وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین کی زیر صدارت قومی نصاب اور اس سے متعلقہ امور پر غور کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین سے عالمی بینک کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر مسٹر ناجی بنہاسین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔ وفاقی وزیر رانا تنویر نے وفد کا خیرمقدم کیا اور عالمی بینک کی جانب سے پاکستان میں کئے جانے والے کام کا اعتراف کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کام عظیم ہے اور انہوں نے ورلڈ بینک کے تعاون اورامداد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسکول سے باہر بچوں کے درست اعداد و شمار کی کمی اور اساتذہ کی ناکافی تربیت جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کے تعاون سے اہم منصوبے جاری ہیں جنہیں ہنگامی بنیادوں پر تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان نے تعلیم کو بہت زیادہ اہمیت دی ہے جس کی عکاسی ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی) کے لیے مختص کیے گئے زیادہ بجٹ سے ہوتی ہے۔عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنہاسین نے عالمی بینک کے مالی تعاون سے جاری منصوبوں پر عمل درآمدمیں وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کے کردار کو تسلیم کیا۔

انہوں نے وزیر کے انتھک تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ورلڈ بینک اور وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی ترجیحات ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے رانا تنویر کو یقین دلایا کہ ان کے اٹھائے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

رانا تنویر نے وفد کو مکمل تعاون اورحمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ناگزیر ہے۔ وزیر نے کہا کہ ہمیں عالمی بینک کے عالمی علم اور تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور اسے اپنے فائدے کے لئے استعمال کرنا چاہئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور کامیاب نوجوان کا مطلب کامیاب پاکستان ہے لہٰذا ان کے تمام مسائل کو اولین ترجیح پر حل کیا جانا چاہئے ۔